(۱) مولوی کے ساتھ NIOS سے ہائی اسکول کے امتحان کی سہولت
ملک کے حالات دن بہ دن اس طرح کے ہوتے جا رہے ہیں کہ سرکاری ڈگریاں (خصوصاً ہائی اسکول) کی اہمیت غیر معمولی ہو گئی ہے۔ اسی کے پیشِ نظر جامعہ نے یہ منصوبہ بنایا ہے کہ طلبہ وطالبات کے لیے مولوی کے ساتھ NIOS سے ہائی اسکول کے امتحان کی سہولت فراہم کی جائے۔ اس کے لیے جامعہ میں NIOS کا سنٹر لینے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کے بعد ان شاء اللہ NIOS سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دلانے کی سہولت بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
(۲) ہائی اسکول تک ریاضی اور سائنس کی باقاعدہ تعلیم
جامعہ کی مجلسِ تعلیمی اور مجلسِ شوریٰ نے ہائی اسکول تک ریاضی اور سائنس کی تعلیم کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان شاء اللہ جلد ہی اس کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا اور مولوی کے مرحلے تک یہ دونوں مضامین نصاب کا حصہ بنا دیے جائیں گے۔
(۳) طالبات کے لیے مکمل سہولیات کے ساتھ جدید طرز کا کمپیوٹر لیب
کمپیوٹر کی تعلیم کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر سالِ گزشتہ جامعہ کی مجلسِ شوریٰ نے فیصلہ کیا کہ کمپیوٹر کی تعلیم کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنایا جائے، چنانچہ ایک رکنِ شوریٰ نے شعبۂ طلبہ کے لیے 36 عدد نئے اعلیٰ کوالٹی کے کمپیوٹر سیٹ اور کمپیوٹر کلاس کے لیے فرنیچر ودیگر تمام ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ اس طرح امسال کے آغاز سے شعبۂ طلبہ میں عربی دوم تا عربی چہارم کمپیوٹر کی تعلیم باقاعدہ نصاب کا جزو بنا کر شروع کر دی گئی۔ بقیہ درجات کے طلبہ کے لیے بھی استفادے کی خاطر شام میں دو شفٹ میں اضافی کلاسیں چلائی جا رہی ہیں۔
وسائل کی عدمِ فراہمی کی وجہ سے شعبۂ طالبات میں کمپیوٹر کلاسیز باقاعدہ نصاب کا جزو بنا کر شروع نہیں کی جا سکی ہیں۔ طالبات کی کثرت ِ تعداد کے پیش نظر کم از کم 60 عدد کمپیوٹر سیٹ پر مشتمل مکمل سہولیات کے ساتھ جدید طرز کا کمپیوٹر لیب تیار کرانا ضروری ہے، تاکہ طالبات بھی کمپیوٹر کی تعلیم میں مہارت حاصل کر سکیں۔ (فی الحال دس عدد پرانے کمپیوٹر سیٹ کے ذریعے صفیہ منزل میں بورڈر طالبات کے لیے شام کے اوقات میں کمپیوٹر کی اضافی کلاس کا نظام چل رہا ہے۔ )
(۴) داخلہ، کلیرنس، فیسوں کی ادائیگی وغیرہ متعدد امور کی آن لائن انجام دہی
متعدد بار کوششوں کے باوجود اب تک جامعہ میں کوئی تعلیمی سافٹ ویئر نہیں بن سکا تھا۔ اس وجہ سے کاموں میں بڑی دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ الحمد للہ امسال جامعہ کی ایک اہم ضرورت پوری ہوئی اور ایک بہترین تعلیمی سافٹ ویئر تیار ہوگیا ہے، جس کی مدد سے ان شاء اللہ اب بہت سی سہولیات فراہم ہو جائیں گی۔ چنانچہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے آن لائن داخلہ فارم پُر کرنا، آن لائن کلیرنس فارم پُر کرنا، آن لائن فیسوں کی ادائیگی کرنا، اسٹوڈنٹ پورٹل کے ذریعے طلبہ کا اپنے نتائج جاننا، طلبہ کا آئی کارڈ بنانا، ماہانہ حاضری ریکارڈ رکھنا، امتحانات کے امور کو منظم طور پر انجام دینا، بہ آسانی اسناد وغیرہ کی پرنٹنگ کر لینا، مطبخ میں حاضری اور فیس خوراک کا حساب وکتاب رکھنا، ملحق مدارس کے پورٹل کے ذریعے ان کے طلبہ کا داخلہ لینا اور نتائج دینا وغیرہ جیسے امور انجام دیے جا سکیں گے۔