مجلسِ شوریٰ

 

جامعہ کی ایک مجلسِ شوریٰ ہے جس کی حیثیت نظامِ جامعہ میں اعلیٰ ترین بااختیار مجلس کی ہے۔ یہ مجلس بیس بنیادی ارکان اور دس تا پندرہ منتخب عمومی ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔

ارکانِ شوریٰ کا انتخاب مجلسِ شوریٰ اتفاقِ رائے یا کثرتِ رائے سے کرتی ہے۔ مجلسِ شوریٰ کے لیے اس فرد کو منتخب کیا جاتا ہے جو مقاصدِ جامعہ سے اتفاق رکھتا ہو، جامعہ کی تعمیر وترقی میں دلچسپی رکھتا ہو اور عملی تعاون پر آمادہ ہو۔

بنیادی ارکان تا حیات مجلسِ شوریٰ کے ارکان ہوتے ہیں۔ عمومی ارکان کا انتخاب تین سال کے لیے ہوتا ہے۔ 

بنیادی رکن کی خالی شدہ نشست کے لیے عمومی رکنِ مجلسِ شوریٰ ہی کا انتخاب ہوتا ہے۔

مجلسِ شوری کا اجلاس سال میں عموماً دو بار ہوتا ہے۔

فرائض واختیارات

مجلسِ شوریٰ کے فرائض واختیارات حسبِ ذیل ہیں:

(۱) جامعہ کے اغراض ومقاصد کے حصول وتکمیل کے لیے لائحۂ عمل مرتّب کرنا۔

(۲) جامعہ کے مفاد اور تعمیر وترقی کے لیے تدابیر سوچنا اور انہیں رو بہ عمل لانے کی کوشش کرنا۔

(۳) اساتذہ وکارکنان کے مشاہرے اور الاؤنس کا تعین کرنا۔

(۴) جامعہ کی تنظیمی، تعلیمی وتربیتی رپورٹ پر غور اور اس کی توثیق کرنا۔

(۵) (الف) شیخ الجامعہ، ناظمِ جامعہ، معتمدِ مال، ا رکانِ مجلسِ تعلیمی ومجلسِ عاملہ کا انتخاب کرنا اور آڈیٹر کا تقرر اور ان کی سبکدوشی اور ان کے استعفوں پر غور وفیصلہ۔

(ب) مہتمم تعلیم وتربیت کی تقرری اور ان کی برطرفی اور ان کے استعفیٰ پر غور وفیصلہ۔

نوٹ: کسی عہدیدار کی برطرفی مجلس کے کل ارکان کی نصف تعداد سے ہوگی۔

(۶) جامعہ کے نظم وانصرام کے لیے مختلف عارضی ومستقل مجالس کی تشکیل دینا، شعبہ جات قائم کرنا اور ان کے قواعد وضوابط کی منظوری دینا۔

(۷) مجلسِ شوریٰ کے کسی رکن کی خالی جگہ کو حسبِ دفعہ نمبر ۱۲ پُر کرنا۔

(۸) عمومی ارکان کا انتخاب عمل میں لانا۔

(۹) دستور کی تعبیر وتشریح حسبِ دفعہ نمبر ۳۳ اور اس میں ترمیم اور حذف واضافہ حسبِ دفعہ ۳۲ کرنا۔

(۱۰) شیخ الجامعہ کی ہدایت پر غور وفیصلہ کرنا۔

(۱۱) مجلسِ عاملہ ومجلسِ تعلیمی اور ناظمِ جامعہ کی سفارشات پر غور وفیصلہ کرنا۔

(۱۲) مجلسِ عاملہ کے فیصلوں کی توثیق کرنا۔

(۱۳) بجٹ کی روشنی میں جامعہ کے سالانہ گوشوارۂ آمد وصرف کی توثیق کرنا، نیز آڈٹ رپورٹ پر غور وفیصلہ کرنا۔

(۱۴) جامعہ کے سالانہ اور ضمنی بجٹ کی منظوری دینا۔

(۱۵) ذمہ دارانِ شعبہ جات کے فرائض واختیارات کا تعیّن کرنا۔