معمل اللغۃ العربیۃ
عربی زبان وادب کے فروغ وارتقاء کے لیے جامعہ میں ’’معمل اللغۃ العربیۃ‘‘ کے نام سے ایک شعبہ قائم ہے۔ غیر درسی اوقات میں عربی زبان وادب سے خصوصی دلچسپی رکھنے والے طلبہ مشرفین کی رہنمائی ونگرانی میں عربی لکھنے ، پڑھنے اور بولنے کی مشق کرتے ہیں۔شعبے کی جانب سے طلبہ اور بعض اساتذہ کی تحریروں پرمشتمل ایک سہ ماہی رسالہ بھی ’’القلم‘‘ کے نام سے شائع ہوتا ہے ۔
اغراض ومقاصد
اس شعبے کے اغراض ومقاصد درج ذیل ہیں:
(۱) ایسے طلبہ تیار کرنا جو عربی زبان میں لکھ پڑھ سکیں، اس میں فی البدیہہ اچھی گفتگو نیز تقریرو تحریر پر قدرت رکھتے ہوں ، اس زبان میں موجود اسلامی علمی سرمایے کو کسی دوسری زبان میں منتقل کرسکیں اور دینِ حق کی ترجمانی کا کام انجام دے سکیں۔
(۲) دین کی خدمت اور ترجمانی کے لیے قرآن وحدیث سے براہِ راست واقفیت ضروری ہے، لہٰذا طلبہ کے اندرعربی میں وہ لیاقت اور مہارت پیدا کی جائے جو اس کے لیے ضروری ہے۔
(۳) ایک ماہانہ یا سہ ماہی عربی مجلّے کی اشاعت۔
(۴) عربی مدارس وجامعات، نیز عصری یونیورسٹیوں کے طلبہ میں عربی زبان کی نشر واشاعت، جہاں عربی زبان محض رسمی طور پر پڑھی پڑھائی جاتی ہے۔
(۵) طلبہ کے اندر عربی زبان وادب میں مہارت پیدا کرنے کے لیے معیاری ومقصدی نصابِ تعلیم تیار کرنا، جو موجودہ غیر منہجی وغیرمنسق نصاب کی جگہ لے سکے۔
(۶) عربی زبان کی ہمہ گیریت وشمولیت اور ایک مثالی تہذیب کی امین ہونے کی حیثیت سے اس کی ترویج واشاعت۔
(۷) عربی زبان کی دینی ودنیاوی اہمیت کے پیشِ نظر اس کی اشاعت۔
اہم سرگرمیاں
(۱) عربی کلاسز: غیر درسی اوقات میں طلبہ کے لیے عربی کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں طلبہ پابندی سے اپنے متعین اوقات میں شرکت کرتے ہیں۔ ان کو عربی زبان میں لکھنے، پڑھنے اور بولنے کی عملی مشق کرائی جاتی ہے۔
(۲) مجلّۃ القلم: طلبہ کی قلمی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی خاطر معمل نے ایک عربی مجلہ نکالنا شروع کیا۔ اس کے اکثر وبیشتر مضامین طلبہ کی نگارشات پر مشتمل ہوتے ہیں۔ فی الحال یہ مجلہ سہ ماہی ہے، آئندہ إن شاء اللہ اسے ماہانہ بنایاجائے گا۔
(۳) عربی تقریری مقابلے: طلبہ کی تحریری صلاحیتوں کے جوہر نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوابیدہ تقریری صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھانے کی غرض سے معمل مختلف درجات کے طلبہ کے مابین تقریری مقابلوں کا اہتمام کرتی ہے۔
(۴) ماہانہ علمی محاضرہ: کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لیے اسے زیادہ سے زیادہ ماہرین اہلِ زبان کی زبانی سننا انتہائی مفید ہوتا ہے۔ طلبہ کے اندر عربی زبان میں مہارت پیدا کرنے کے لیے جہاں معمل نے ان کے لیے تقریر وتحریر کا پلیٹ فارم تیار کیا ہے وہیں اُس نے اِس اہم ضرورت کے پیشِ نظر ہر ماہ عربی زبان میں ایک علمی لیکچر کرانے کا اہتمام بھی کیا ہے۔
(۵) طلبہ کا عربی زبان میں سیمینار: کانفرنسوں اور سیمیناروں وغیرہ میں عربی زبان میں اپنی بات سلیقے سے پیش کرنے کی مشق کرانے کے پیشِ نظر معمل نے طلبہ کے عربی سیمینار کا اہتمام کیا ہے۔
عزائم اور منصوبے
مستقبل میں اپنے کام کو مزید ترقی دینے اور اپنے علمی سفر کو جاری رکھنے کے لیے معمل کے عزائم اور منصوبے حسب ِ ذیل ہیں:
(۱) ایک ایسے کتب خانے کا قیام جو طلبہ واساتذہ دونوں کے لیے یکساں مفید ہو۔ یہ انہیں مناسب اور کم قیمت پر مصادر ومراجع سے لے کر عام کتابیں مختلف موضوعات پر فراہم کرسکے۔
(۲) بلادِ عربیہ سے ہر سال ایک شیخ کو استاذِ زائر کی حیثیت سے مدعو کرنا جو طلبہ میں عربی زبان کا صحیح ذوق پیدا کرنے میں مدد دے۔
(۳) چند منتخب طلبہ کو تعلیمی سال کے دوران علمی ٹور کرانا۔
(۴) معمل کے ممبران میں سے ایک یا دو کا اندرونِ ملک یا بیرونِ ملک کسی مشہور ومعروف جامعہ کا دورہ کرانا تاکہ وہ وہاں کے منہجِ تعلیم وتدریس کا جائزہ لے کر معمل اور جامعہ کی تعلیمی پیش رفت میں مفید تعاون کرسکیں۔
(۵) عرب ممالک سے شائع ہونے والے اخبارات ومجلات معمل کے لیے جاری کرانا۔
(۶) معمل سے جڑے ہوئے طلبہ کے لیے ہفتہ وار عربی نادی کا انعقاد۔
(۷) ہر سال ایک علمی ورکشاپ کا انعقاد کرنا جس میں کسی کتاب کا درس عربی زبان میں چند روز کے لیے دیا جائے گا۔
(۸) ایسے تقریری وتحریری مواد کی فراہمی جو طلبہ کے اندر زبان کی مہارتیں پیدا کرنے میں معاون ہو۔
(۹) اساتذۂ زبان وادب کے لیے ایسے تربیتی پروگرام کا اہتمام جو ان کی تدریسی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرے۔
اہم ضرورتیں
اللہ کے فضل وکرم سے معمل دن بہ دن آگے بڑھ رہا ہے، البتہ اس کے اغراض ومقاصد کے حصول کے لیے مزید وسائل وذرائع درکار ہیں۔ چند اہم ضرورتیں درج ذیل ہیں:
(۱) ضروری منتخب کتب کی فراہمی۔
(۲) حسبِ ضرورت الماریوں کی فراہمی۔
(۳) ایک نئے پرنٹر کی فراہمی۔
(۴) ایک پروجیکٹر۔
(۵) ایک ڈائس (منصۃ الخطابۃ) کی فراہمی۔
(۶) ایک بڑے کمرے یا ہال کا حصول برائے کلاسیز ودیگر سرگرمیاں۔
(۷) شعبۂ تعلیمات میں ایک کمرہ برائے دفتر وعربی لائبریری جو معمل اللغۃ کے تحت چلے۔