شعبۂ طلبہ
الحمد للہ جامعہ نے ۲۰۰۸ء میں ووکیشنل تعلیم کا ایک سینٹر قائم کیا۔ اس کے تحت طلبہ کے لیے کمپیوٹر اور طالبات کے لیے سلائی وکڑھائی کی تعلیم ترجیحی بنیاد پر شروع کی۔ دس عدد کمپیوٹر اور ایک استاد کی مدد سے کمپیوٹر کی تعلیم غیر درسی اوقات میں دی جاتی تھی۔ اس سینٹر سے تقریبا 450 سے زیادہ طلبہ نے استفادہ کیا۔
کمپیوٹر کی تعلیم کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر سالِ گزشتہ مجلسِ شوریٰ نے فیصلہ کیا کہ کمپیوٹر کی تعلیم کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنایا جائے، چنانچہ ایک رکن شوریٰ نے شعبۂ طلبہ کے لیے 36 عدد نئے اعلیٰ کوالٹی کے کمپیوٹر سیٹ اور کمپیوٹر کلاس کے لیے فرنیچر ودیگر تمام ضروری اشیاء فراہم کیں۔ اس طرح امسال کے آغاز سے شعبۂ طلبہ میں عربی دوم تا عربی چہارم کمپیوٹر کی تعلیم باقاعدہ نصاب کا جزو بنا کر شروع کر دی گئی۔
بقیہ درجات کے طلبہ کے لیے بھی استفادے کی خاطر شام میں دو شفٹ میں اضافی کلاسیں چلائی جا رہی ہیں۔
شعبۂ طالبات
وسائل کی عدمِ فراہمی کی وجہ سے شعبۂ طالبات میں کمپیوٹر کلاسیز باقاعدہ نصاب کا جزو بنا کر شروع نہیں کی جا سکی ہیں۔ طالبات کی کثرت ِ تعداد کے پیش نظر کم از کم 60 عدد کمپیوٹر سیٹ پر مشتمل ایک کمپیوٹر کلاس تیار کرانی ضروری ہے، تاکہ طالبات بھی کمپیوٹر کی تعلیم میں مہارت حاصل کر سکیں۔
البتہ شعبۂ طلبہ کے دس عدد پرانے کمپیوٹر سیٹ کی ضروری اصلاحات کے بعد صفیہ منزل میں بورڈر طالبات کے لیے شام کے اوقات میں کمپیوٹر کی اضافی کلاس کا نظام شروع کر دیا گیا ہے۔ تین شفٹ میں کمپیوٹر کی کلاسیں جاری ہیں اور CCC کمپیوٹر کورس کی تعلیم دی جا رہی ہے۔